اندور:28/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس لیڈروں پر وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے نامناسب زبان کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے بدھ کو کہا کہ کانگریس کو مدھیہ پردیش میں اس کا انتخابی خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔اپنے آبائی شہر میں اسمبلی انتخابات کے تحت ووٹنگ کے بعد وجے ورگیہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس لیڈروں نے اس بار صوبے کی انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم جیسے اعلی عہدے پر فائز شخص کے بارے میں ہلکے الفاظ کا استعمال کیا۔انتخابی نتائج کے بعد ان لیڈروں کی زبان اور ثقافت دونوں بہتر ہو گی۔انہوں نے دعویٰ کیاہے کہ ریاستی اسمبلی کے انتخاب میں، بی جے پی230میں سے 200نشستیں جیتے گی اورشیوراج سنگھ چوہان وزیراعلیٰ بنیں گے۔وجے ورگیہ کے بیٹے آکاش( (34نے
اس بار اندور کے اسمبلی حلقہ نمبر تین سے میدان میں اتر کر انتخابی سیاست میں قدم رکھا ہے،ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے اپنے بیٹے کی فتح کا دعوی کرتے ہوئے بی جے پی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسمبلی حلقہ نمبر تین میں اب تک کوئی بھی امیدواراتنے ووٹوں سے نہیں جیتا ہوگا، جتنے ووٹوں سے اس بارآکاش جیتنے والے ہیں۔